بھونرا
بھونرے (Beetles بیٹل) حشرات ہیں اور ان کا تعلق غلاف پرداران (Coleoptera) فصیلہ سے ہے۔ یہ حشرات کا متنوع ترین گروپ ہے۔ ان کی کم از کم 2،78،000 اقسام ہیں۔ اس لیے یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ ہر چار حشرات میں سے ایک بھونرا ہوتا ہے۔
بھونرے اکثر اپنے پرپوشوں (Elytra) کی وجہ سے بآسانی پہچانے جاتے ہیں۔ پرپوش، سپر (ڈھال) نما سخت اعضا کا ایک جوڑا ہے جو پروں اور جسم کے زیادہ تر حصے کو ڈھانپے رکھتا ہے۔ مضبوط جبڑوں والے بھونرے پودوں اور جانوروں کو کاٹتے اور اپنی خوراک بناتے ہیں۔ بھونروں کا جسم تین حصوں سر، سینہ اور پیٹ پر مشتمل ہوتا ہے۔ دیگر حشرات کے برعکس بھونروں کے یہ حصے باہم گتھے ہوتے ہیں۔ بھونروں کے رنگ مختلف ہوتے ہیں۔ بعض کے رنگ چمکدار اور بعض کے مدھم ہوتے ہیں۔
زیادہ تر بھونرے ایک سال تک زندہ رہتے ہیں۔ بہت تھوڑی اقسام پانچ سال تک عمر پاتی ہیں۔ کچھ بھونروں کی زندگی صرف چند ہفتوں پر محیط ہوتی ہے۔ بھونرے خشکلی پر، پانی میں اور زیر زمین ہر جگہ پائے جاتے ہیں۔ کچھ بھونرے گوشت خور ہوتے ہیں اور کچھ نبات خود۔ چِتی دار بھونرے (لیڈی بگ) پودوں کے لیے مفید ہوتے ہیں۔ یہ پودوں کو نقصان پہنچانے والے چھوٹے چھوٹے حشرات، مثلا جوؤں کو کھا جاتے ہیں۔
بعض بھونرے اس قدر چھوٹے ہوتے ہیں کہ خردبین کے بغیر نظر نہیں آتے جبکہ سب سے بڑا افریقی جالوت بھونرا (Goliath beetle) 10 سینٹی میٹر [4 انچ] لمبا اور پروں سمیت 20 سینٹی میٹر [8 انچ] چوڑا ہوتا ہے۔ یہ حشرات میں بھی سب سے بڑا ہے۔
اپنے دشمنوں سے بچنے کے لیے بھونرے کئی طرح کے کیموفلاژ (Camouflage) استعمال کرتے ہیں۔ ان میں سے کچھ تو اپنے ماحول کا رنگ اختیار کر لیتے ہیں۔ جبکہ بعض زیادہ خطرناک حشروں کا روپ دھار لیتے ہیں۔ Blister beetle جیسے کچھ بھونرے ایسے مادے خارج کرتے ہیں کہ ان کے دشمن انھیں کھا نہیں پاتے۔
حوالہ جات
[ترمیم]| ویکی ذخائر پر بھونرا سے متعلق سمعی و بصری مواد ملاحظہ کریں۔ |